17 دسمبر 2014 - 17:04
ایران اور عراق کے درمیان تعاون لفظی نہیں، عملی تھا - تصویر

اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق نے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں باہمی تعاون میں توسیع پر تاکید کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تہران کے دورے پر آئے عراق کے اسپیکر سلیم الجبوري نے ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر لاریجانی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کا ملک، ایران کے ساتھ مستقل تعلقات اور تعاون میں توسیع کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش سب کے لئے خطرہ ہے اور علاقے کی سلامتی کا مسئلہ اجتماعی ذمہ داری ہے اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لئے مشترکہ نظریات کی ضرورت ہے۔ سلیم الجبوري نے کہا کہ ایران نے عراق کے جمہوری عمل کو مضبوط بنانے میں بھی بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن کے قیام کی توانائی رکھتے ہیں اور عراقی عوام کے اتحاد سے بہت جلد خطرہ ختم کر دیا جائے گا۔
الجبوري نے اسی طرح کہا کہ تیل کی قیمتوں میں آنے والی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ہم مل کر کام کریں گے۔

پریس کانفرنس میں ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ تہران اور بغداد کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کے لئے تعاون لفظی نہیں عملی تھا۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں جو بھی دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں حصہ لینا چاہے اسے اس کا موقع ملنا چاہئے۔

ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ علاقے کے سامنے کچھ خطرے ہیں جن سے نمٹنے کے لئے علاقے کے ممالک میں ہماہنگی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ضروری ارادہ ہو تو اس کا خیر مقدم کیا جانا چاہئے۔

عراق کے اسپیکر سلیم الجبوري تین روزہ دورے پر ایران آئے ہیں اور وہ اس دورے میں ايران کے اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169